بھارت:کورونا سے بچاؤ کیلئے ملیریا کی دوا کھانے والا ڈاکٹر جاں بحق

April 01, 2020

بھارتی ریاست آسام میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ملیریا کی دوا کھانے والا ڈاکٹر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست آسام میں ڈاکٹر نے کورونا سے بچاؤ کے لیے ملیریا کی دوا کھائی جس کے بعد طبیعت بگڑنے پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گئے۔

44 سالہ ڈاکٹر اپلجیت برمن سینئر اینستھیسٹسٹ تھے، اپلجیت نے کوروناسے بچاؤ کے لیے احتیاط کے طور پر اپنی ذمہ داری پر ملیریا کی دوا کا استعمال کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق ابھی تک یہ تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ آیا ملیریا کی دوا کھانے کے بعد انہیں دل کا دورہ پڑا ہے تاہم دوائی کھانے کے بعد اپلجیت نے اپنے دوست کو واٹس ایپ میسج میں دوائی کے استعمال کے بعد طبیعت بگڑنے کا کہا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 117 ہوگئی ہے جبکہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 32 ہوگئی ہے۔