ایف بی آر نے ریفنڈ کیسز کی تفصیلات جاری کر دیں

April 01, 2020

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے فاسٹر خودکار نظام کے تحت فائل اور منظور کیے گئے ریفنڈ کیسز کی تفصیلات جاری کر دیں۔

ایف بی آر کے ترجمان کے مطابق فاسٹر نظام کے تحت جولائی 2019ء سے اب تک 59 ارب روپے کے ریفنڈ کیسز فائل ہوئے، 56 ارب کے ریفنڈ کیسز کو باقاعدہ طور پر منظور کیا جا چکا ہے۔

ترجمان ایف بی آر کا مزید کہنا ہے کہ منظور کردہ کیسز فائل شدہ ریفنڈ کیسز کے تقریباً 95 فیصد بنتے ہیں، صرف مارچ 2020ء میں ایف بی آر نے 25 ارب روپے کے ریفنڈز منظور کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: اس سال درآمدات میں کمی ہوئی ہے، چیئر پرسن ایف بی آر

ترجمان ایف بی آر نے یہ بھی بتایا ہے کہ برآمد کنندگان کے سیلز ٹیکس ریفنڈ کیسز کو تیز رفتار خودکار طریقے سے پراسس کیا جاتا ہے، فاسٹر کا ٹیکس نظام جولائی 2019ء سے فعال ہے۔