شہزاد رائے نے اپنا پُرانا گانا گا کر مداحوں کو خوش کردیا

April 01, 2020


پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف اداکار شہزاد رائے نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنا 12 سال پُرانا گانا گنگنا کر مداحوں کو خوش کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہزاد رائے نے 2 منٹ اور 10سیکنڈ پر مشتمل ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے 2008 میں ریلیز ہونے والے البم ’قسمت اپنے ہاتھ میں‘ کا سب سے مشہور گانا ’ایک بار‘ گایا۔

ویڈیو شیئر کرتے ہوئے گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں گانے کے بول’ اک بار کہہ دو ، تمہیں پیار ہے نا‘ لکھا ۔

دنیا بھر سے شہزاد رائے کی اس ویڈیو کو بےحد پسند کیا جارہا ہے اور مداح ان سے اپنے پسندیدہ گانوں کی فرمائش بھی کرتے نظر آرہے ہیں۔

شہزاد رائے کے اس ٹوئٹ پر ایک ڈاکٹر نے جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے ایک گانے کی فرمائش کی جس کا شہزاد رائے نے انتہائی زبردست جواب دیا۔

شہزاد رائے نے لکھا کہ آپ ڈاکٹر ہیں، آپ جو کہیں گے کروں گا بلکہ ڈانس بھی کردوں گا۔