دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 42335 ہو گئیں

April 01, 2020


دنیا بھر میں کورونا وائرس سے جانی نقصان 42335 ہو چکا ہے، اس موذی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 860964 ہو گئی ہے۔

یورپ میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ بے قابو ہو گیا، اٹلی میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 12428 جبکہ مریضوں کی تعداد 105792 ہو چکی ہے۔

کورونا سے اسپین میں اب تک 8464 اموات ہو چکی ہیں جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 95923 تک پہنچ چکی ہے۔

یورپ میں اٹلی اور اسپین کے بعد فرانس میں بھی مرنے والوں کی تعداد چین سے زیادہ ہوگئی۔

فرانس میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے ریکارڈ 500اموات ہوئی ہیں جس کے بعد کل ہلاکتیں 3523 ہو گئیں۔

جاپان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اچانک تیزی آنے پر ایمرجنسی نافذ ہونے کے امکانات بڑھ گئے، جاپان اب تک لاک ڈاؤن سے بچا ہوا ہے۔

جنوبی کوریا میں بھی کورونا کے 101 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں، تقریباً 10 ہزار متاثرہ افراد میں سے آدھے صحت یاب ہو چکے ہیں، جبکہ مرنے والوں کی تعداد 165 ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس ایک دن میں 865 زندگیاں نگل گیا، امریکا کی جان ہوپکنز یونی ورسٹی کے مطابق 3 دن میں مرنے والوں کی تعداد دُگنی ہوکر 4076 تک پہنچ گئی ہے۔

امریکی صدر نے اگلے دو ہفتے مزید درد ناک قرار دے دیے، کہا ہے کہ سماجی دوری زندگی و موت کا مسئلہ بن گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ملک میں کورونا مریض 2 ہزار سے زائد

ٹرمپ کی ٹاسک فورس نے امریکا میں ڈھائی لاکھ تک اموات کا نقشہ کھینچ دیا جبکہ امریکی صدر کے مشیر ڈاکٹر انتھونی فاؤچی کہتے ہیں کہ بُرے وقت کے لیے تیار رہنا چاہیے، جتنی احتیاط کریں گے، مریضوں کی تعداد اتنی ہی گھٹتی جائے گی۔

کورونا وائرس سے ایک امریکی فوجی بھی ہلاک ہو چکا ہے جبکہ 700 سے زیادہ بیمار ہو گئے، 2 طیارہ بردار بحری بیڑوں پر 70 سے زائد اہل کار وائرس میں مبتلا ہیں۔

یو ایس ایس روز ویلٹ کے کمانڈر نے 4 ہزاروں اہل کاروں کو آئسولیٹ کرنے کی اپیل کر دی ہے۔