بھارت نے مقبوضہ کشمیر کا ڈومیسائل قانون تبدیل کر دیا: عبداللّٰہ گیلانی

April 01, 2020

کنوینر آل پارٹیز حریت کانفرنس عبداللّٰہ گیلانی کا کہنا ہے کہ قابض و غاصب بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کا ڈومیسائل قانون تبدیل کر دیا۔

ایک بیان میں کنوینر آل پارٹیز حریت کانفرنس عبداللّٰہ گیلانی نے کہا کہ ڈومیسائل قانون کی تبدیلی سے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی آڑ میں ڈومیسائل قانون کی تبدیلی کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سرکاری ملازمین کو شہریت کا حق دیا گیا ہے۔

عبداللّٰہ گیلانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں زیرِتعلیم بھارتی سرکاری ملازمین کے بچوں کو بھی شہریت کا حق دیا گیا ہے۔

انہو ںنے کہا کہ 11 ویں اور 12 ویں جماعت کے امتحانات دینے والے بھارتی طلباء بھی ڈومیسائل کے حق دار قرار دیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: ’بھارت مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کرنے جا رہا ہے‘

عبداللّٰہ گیلانی کا مزید کہنا ہے کہ دنیا کورونا وائرس سے لڑ رہی ہے، جبکہ بھارتی حکمران کشمیریوں کے حقوق غصب کر رہے ہیں۔

کنوینر آل پارٹیز حریت کانفرنس نے یہ بھی کہا کہ ڈومیسائل قانون میں تبدیلی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی خلاف ورزی ہے۔