حکمرانوں کے پاس عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے پالیسیاں موجود نہیں،بی این پی

April 02, 2020

کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے ایک بیان میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کی تعیناتی کے حوالے سے دائر کیس کی سماعت کے دوران کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر حکومت مذکورہ پوسٹ پر ایک قابل ،ایماندار اور مستند آفیسر تعینات کرنے کے ریمارکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمارا معاشرہ ،ملک انتظامی ادارے اور تمام شعبہ زندگی جس بحرانی کیفیت اور پسماندگی کی دلدل کی آخری ہچکیاں لے رہے ہیں اس کی بنیادی وجہ میرٹ کو یکسر نظر انداز کرکے قوم کو جس تباہی ،بربادی ،پسماندگی اور بند گلی کی طرف دھکیل رہے ہیں ایسی قومیں ہر گز تاریخ سے سبق حاصل نہیں کرسکتیں اور نہ قدرتی آفات ،وباء ودیگر مشکلات اور آنے والے چیلنجز کا صحیح معنوں میں مقابلہ تو کجا سامنا کرنے کی سکت بھی نہیں رکھ سکیں گے کیونکہ یہاں مجموعی طورپر ہر ایک کو ذاتی آسودگی ،ترقی خوشحالی کی فکر لاحق ہے اور وہ معاشرے کی اجتماعی بہتری ،فلاح وبہبود ،ترقی وخوشحالی سے یکسر لاتعلق اور الگ تلگ ہے۔ انہوں نے کہاکہ افسوس کہ قدرتی دولت سے مالامال ملک ہونے پر ہمیں ہر حوالے سے اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے خودکفیل ہوناچاہیے تھا لیکن ہمارے حکمرانوں کی نظریں دیگر ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں کی امداد ،فنڈز اور خیرات کو وصول کرنے پر مرکوز ہیں اور اصل مسئلے کو پس پشت ڈال کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کی جارہی ہے ایسے اقدامات سے اقوام ترقی کی بجائے پسماندگی کی طرف راغب ہونگی ،انہوں نے کہاکہ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ حالات کامقابلہ کرنے والی اور خود کچھ کرسکنے والی اقوام نے ہی اپنے مستقبل کو سنوارا ہے اورآج ترقی کے اس مقام پر پہنچے ہیں جہاں ہمیں ایک بہت بڑا عرصہ درکار ہوگا کہ ہم اس مقام تک پہنچ سکیں ،بہت سے ایسے ممالک ہیں جو ہمارے بعد وجود میں آئے لیکن آج ان کی جی ڈی پی گروتھ ،تعلیم ،صحت ،روزگار ،تجارت ،کرنسی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں ہم سے آگے چلے گئی ہے لیکن ہم آگے جانے کی بجائے پیچھے چلے جارہے ہیں ۔