بلوچستان تاحال کورونا وائرس سے بچائو کی چینی امداد سے محروم ہے ،صادق عمرانی

April 02, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق صوبائی وزیر میر محمد صادق عمرانی نے بلوچستان سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کی سنگین صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر ڈیپ سی پورٹ ، سیندک ، اور ریکوڈک سمیت اکثر چینی اشتراک سے منصوبے بلوچستان میں چل رہے ہیں تاہم کورونا وائرس سے بچائو کی چینی امداد سے بلوچستان کو محروم رکھ کر ایک بار پھر بلوچستان کے عوام کا استحصال کیا گیا ، کورونا وائرس کے ریڈ ٹرانسمیشن زون پر واقع اضلاع نصیرآباد ، جعفرآباد اور صحبت پور کے عوام کو ایک ماسک تک فراہم نہیں کیا گیا سفید پوش طبقے سمیت ہزاروں مزدور پیشہ افراد بیروزگار ہوچکے ہیں تاہم حکومتی سطح پر اب تک امداد سے محروم ان ہزاروں خاندانوں کے روز مرہ گزر بسر کے لیے کوئی جامع اور ٹھوس قابل عمل معاشی پالیسی وضع نہیں کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں زائرین سے ہٹ کر اب لوکل کیس آنا شروع ہو گئے ہیں جو الارمننگ صورتحال ہے صوبے میں صحت کا مضبوط ڈھانچہ نہ ہونے کے برابر ہے ایسے میں کورونا وائرس کی غیر معمولی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے کوئی جامع اور ٹھوس اقدامات نظر نہیں آررہے۔انہوں نے کہاکہ موذی وباء کے خلاف صف اول میں جنگ لڑنے والے ڈاکٹرز اور طبی اسٹاف پرسنل پروٹیکشن کٹس سے تاحال محروم ہیں اور یہ المیہ ہے کہ بلوچستان کے نصف درجن سے زائد ڈاکٹر اس خطرناک وائرس کا شکار ہوچکے ہیں صورتحال دن بدن سنگین ہوتی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے فراہم کردہ طبی سامان میں سے بلوچستان کو کچھ بھی نہیں دیا گیا اس ناانصافی پر صوبائی حکومت اور ارکان اسمبلی کی خاموشی بہت سے سوالات کو جنم دے رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ایسی تشویشناک صورتحال میں عوام کو اپنا تحفظ خود کرنا ہوگا اور احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اپنا اور اپنے خاندان کا بچائو کرنا ہوگا۔