علی ظفر کا طبی عملے، پاک فوج کو خراج تحسین

April 02, 2020


معروف گلوکار علی ظفر نے سوشل میڈیا پر اپنی گلوکاری کے ذریعےکورونا وائرس کی جنگ کے نڈر ہیرو ڈاکٹروں، نرسوں،طبی عملے، پولیس، رینجرز اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔

گزشتہ روز پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہوں نے کورونا وائرس کی جنگ میں اہم کردار ادا کرنے والے پاکستان کے ڈاکٹرز، نرسوں، طبی عملہ، پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے لیے مہدی حسن کا مشہور نغمہ’یہ وطن تمہارا ہے‘ پڑھا۔

علی ظفر نے اپنی ویڈیو میں مہدی حسن کا نغمہ کچھ اِس طرح پڑھا:

یہ وطن تمہارا ہے، تم ہو پاسباں اِس کے
یہ چمن تمہارا ہے، تم ہو نغمہ خواں اِس کے
اِس چمن کے پھولوں پر، رنگ و آب تُم سے ہے
اِس زمیں کا ہر ذرہ آفتاب تُم سے ہے
یہ فضا تمہاری ہے، بہرو بر تمہارے ہیں
کہکشاں کے یہ اُجالے راہ گُزر تمہارے ہیں
یہ وطن تمہارا ہے، تم ہو پاسباں اِس کے
اِس زمیں کی مٹی میں، خون ہے شہیدوں کا
ارضِ پاک مرکز ہے، قوم کی اُمیدوں کا
نظم و ضبط کو اپنا میرِ کارواں جانو
وقت کے اندھیروں میں اپنا آپ پہچانو

علی ظفر نے ٹوئٹر پر یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں ہمارے اُن بہادر ڈاکٹروں، نرسوں، طبی عملے، پولیس، رینجرز اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو کورونا وائرس کی جنگ میں فرنٹ لائن پر کھڑے ہوکر اپنی جان خطرے میں ڈال کر ہماری جان بچا رہے ہیں۔‘

گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں کچھ ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے PakistanUnitedAgainstCorona ، COVID19Pandemic اور CoronaFreePakistan۔