کورونا کی وجہ سے ملک میں گیس کی طلب میں کمی

April 02, 2020

کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور لاک ڈاؤن سے ملک میں گیس کی طلب میں کمی ہو گئی ہے۔

سوئی سدرن کا کہنا ہے کہ شہروں میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے گیس کی طلب میں یومیہ 30 کروڑ مکعب فٹ سے زیادہ کمی ہو گئی ہے، جبکہ صنعتوں سی این جی سیکٹر سمیت دیگر کمرشل سیکٹر میں بھی گیس کی طلب گر گئی ہے۔

ذرائع پٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ سوئی سدرن میں بھی مجموعی گیس طلب گزشتہ سال مارچ 2019کے مقابلے میں 30 کروڑ مکعب فٹ کم ہو گئی ہے۔

پٹرولیم ڈویژن ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن سسٹم پر شہروں میں گیس کی طلب میں یومیہ 30 کروڑ 20 لاکھ مکعب فٹ کمی ہوئی، صنعتوں میں ایل این جی کی طلب 12 کروڑ 50 لاکھ مکعب فٹ اور سی این جی سیکٹر پر 3 کروڑ مکعب فٹ جبکہ ایل این جی کی طلب بھی کم ہو گئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں سی این جی سیکٹر کیلئے مقامی گیس کی طلب یومیہ ساڑھے چار کروڑ مکعب فٹ گر گئی۔

سوئی سدرن میں مجموعی گیس کی فراہمی مارچ میں 91 کروڑ 50 لاکھ مکعب فٹ یومیہ رہی جو گزشتہ سال مارچ میں ایک ارب 21 کروڑ مکعب فٹ تھی۔

سوئی سدرن میں سی این جی سیکٹر کو گیس کی فروخت ایک کروڑ مکعب فٹ یومیہ رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال سوئی سدرن کی مارچ میں سی این جی سیکٹر کو مہیا کی گئی گیس کی فروخت 5 کروڑ 60 لاکھ مکعب فٹ یومیہ تھی۔