صوبائی وزیرصحت سندھ کی 20 نئے کورونا کیسز کی تصدیق

April 02, 2020

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے آج سندھ میں کورونا سے متاثر ہونے والے 20 نئے کیسز کی تصدیق کردی ہے۔

آج کراچی میں 12 جبکہ سکھر میں 8 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق سکھر میں رپورٹ ہونے والے نئے کیسز زائرین کے ہیں جنہیں 31 مارچ سکھر لایا گیا۔ سکھر قرنطینہ میں اب تک 250 کورونا متاثرین زیر علاج ہیں، جبکہ 23 صحتیاب ہو چکے ہیں۔

وزیر صحت سندھڈاکٹر عذرا پیچوہونے بتایا کہ اب تک سندھ میں صحتیاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 56 ہو چکی ہے۔ کراچی میں اس وقت 295 اور حیدرآباد میں 135 کورونا متاثرین زیر علاج ہیں۔ حیدرآباد میں اب تک ایک کورونا متاثر مریض ہلاک جبکہ ایک صحتیاب ہوا ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق شہید بینظیر آباد میں 6، جیکب آباد اور دادو سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ لاڑکانہ قرنطینہ میں رکھے گئے زائرین میں 7 کیسز کورونا پازیٹو ہیں۔

ڈاکٹر عذرا نے کہا کہ سندھ بھر میں 7 ہزار 504 کورونا کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں، اب تک سندھ میں 10 افراد کورونا سے ہلاک ہوچکے ہیں۔

سندھ میں رپورٹ ہونے والے 416 افراد میں کورونا وائرس بذریعہ سماجی رابطہ منتقل ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی مقامی طور پر منتقل ہونے والے کیسز پر قابو پایا جاسکتا ہے۔