حکومت صحت مند خوراک کے بارے میں عوام کو واضح ہدایات دے، ماہرین

April 03, 2020

لندن (پی اے) حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ایک کمپین لائونچ کی جائے، جس میں بتایا جائے کہ کورونا وائرس کے خطرے کے خلاف بدن کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے کون سی صحت مند خوراک استعمال کی جائے۔ وزیر ماحولیات جارج یوسٹس اور پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے چیف ایگزیکٹیو ڈنکن سیلبی کو بھیجے گئے خط میں فوڈ پالیسی سپیشلسٹس نے کہا ہے کہ اس بات کے شواہد موجود ہیں کہ غذائیت سے بھرپور خوراک مدافعتی نظام کو قوت دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ کوویڈ۔19 وباسے نمٹنے کی حکومتی پالیسی میں اس اہم حقیقت کی عکاسی نہیں ہوتی۔ سٹی یونیورسٹی آف لندن پر فوڈ پالیسی کے پروفیسرٹم لانگ نے دو دیگر ماہرین کے ہمراہ خط میں لکھا ہے کہ حکومت کے تازہ اقدامات کے ساتھ ساتھ ایک واضح اور معلوماتی گائیڈ لائن میں یہ ضروری ہے کہ اس میں قوت بخش غذا کے بارے میں وضاحت کی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہم اس حقیقت کے پیش نظر حکومت سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ ایک نیا ورکنگ سٹرکچر تخلیق کر کے اس پر عمل کرے، جس کی بنیاد مساوات اور صحت کے واضح اصولوں پر رکھی گئی ہو۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی فوڈ سسٹم کے بہت سے حصوں میں ابھرنے والی متعدد اور پیچیدہ مشکلات سے نمٹنے کیلئے ان سفارشات پر عمل درآمد ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات کی ضرورت پر بھی زور دیا کہ اگر درمیانہ مدت کے لئے قومی اور بین الاقوامی حالات ایسے ہی رہے تو خوراک میں مزید تعطل اور قلت سے نمٹنے کی تیاری کی جائے۔ یونیورسٹی بزنس سکول آف سسیکس کے پروفیسر لانگ، پروفیسر ایرک مل سٹون اور کارڈیف یونیورسٹی کے پروفیسر ٹیری مارسڈن نے اس امر کی نشاندہی بھی کی کہ برطانیہ میں بیشتر تازہ فروٹ، سبزی اور سلاد سپین، اٹلی اور دو دیگر یورپین ممالک سے آتا ہے، جہاں کوویڈ۔19 کے بیشتر کیسز سامنے آرہے ہیں۔