چین اور امریکا کے درمیان کورونا وائرس کے معاملے پر لفظی جنگ میں تیزی

April 03, 2020

چین اور امریکا کے درمیان کورونا وائرس کے معاملے پر لفظی جنگ میں تیزی

کراچی (نیوز ڈیسک) کورونا وائرس کے معاملے پر چین اورامریکا کے درمیان جاری لفظی جنگ نےشدت اختیار کرلی،امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ چین نے کورونا سے ہلاکتوں کی اصل تعداد چھپائی ، بیجنگ نےامریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کہا کہ امریکا کو چاہیے کہ وہ صحت کے معاملے پر سیاست کرنا چھوڑ دے اور اس کے بجائے اپنے لوگوں کی حفاظت پر توجہ دے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی انٹیلی جنس اداروں نےاپنی ایک خفیہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ چین نے اپنے ملک میں کورونا وائرس کی وبا کے پیمانے کو چھپا کر رکھا اور اس کے لیے کیسز اور اموات کی مجموعی تعداد پوری طرح ظاہر نہیں کی، یہ خفیہ رپورٹ وائٹ ہائوس میں جمع کرائی گئی ہے،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین کی جانب سے کورونا وائرس سے ہلاکتوں کے جاری کردہ اعداد و شمار پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے ، امريکی انٹيلیجنس کی ايک خفيہ رپورٹ کے حوالے سے دعوی کيا کہ چين ميں کووڈ انيس کے مريضوں اور ہلاک شدگان کی تعداد حقيقت سے کم بتائی گئی، ٹرمپ کے بقول فی الحال انہيں اس بارے ميں کوئی خفيہ رپورٹ نہيں ملی، امريکی صدر نے مزيد بتايا کہ انہوں نے اپنے چينی ہم منصب سے ٹيلی فون پر بات چيت کی ہے البتہ گفتگو ميں اعداد و شمار پر بات نہيں ہوئی، دوسری جانب چین نے امریکی انٹیلی جنس کی اس رپورٹ کو مسترد کردیا ہے کہ بیجنگ کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے معلومات کو چھپایا گیا، چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونئنگ نے ایک پریس بریفنگ کے دوران اس بات کا اعادہ کیا کہ چین نے وبا سے متعلق ہمیشہ ’واضح اور شفاف‘ رویہ اختیار کیا، انہوں نے کہا کہ امریکا کو چاہیے کہ وہ صحت کے معاملے پر سیاست کرنا چھوڑ دے اور اس کے بجائے اپنے لوگوں کی حفاظت پر توجہ دے، ان کا کہنا تھا کہ کچھ امریکی حکام لوگوں کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں، درحقیقت ہم ان کے ساتھ اس بحث کا حصہ نہیں بننا چاہتے، مگر ہمیں لگتا ہے کہ اس حوالے وضاحت ضروری اور سچ سامنے آنا چاہیے۔