مصائب و آفات سے نجات عبادت کے ذریعے ہی ممکن ہے،مولانا شیرانی

April 03, 2020

کوئٹہ(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنماء و سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانامحمد خان شیرانی نے کہاہے کہ مصائب و آفات سے نجات عبادت کے ذریعے ہی ممکن ہے بغاوت میں نہیں۔دنیا جنگ کے طریقے بدل رہی ہے علماء اندھی تقلید کی بجائے حالات و واقعات کے تناظر میں قوم کی رہنمائی کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر حاجی عبدالصادق نورزئی مولانا قدم جان عبدالصمد حقیار سنگین خان کاسی سعیدالرحمن سعدالدین خان اور دیگر پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی آڑ میں تبلیغی جماعتوں میں شامل ارکان کو تنگ کرنا قابل مذمت ہے۔ علماء اور مفتی حضرات کی مساجد، مدارس اور خانقاہ بند کرنا ناقابل فہم ہے بلکہ ہمیں مساجد،مدارس،خانقاء اور عبادت گاہوں کو آباد کرناچاہیے تاکہ اللہ کو راضی کرسکیں انہوں نے کہا کہ سنت نبوی کی پیروی میں ہی نجات و کامیابی ہے احکامات الہٰی اور تعلیمات نبوی سے بغاوت آفات و مصائب کا سبب ہیں ایسے میں تبلیغ سے تعلق رکھنے والوں کو بے جا تنگ کرنااللہ کو ناراض کرناہے ۔