وزیر زراعت سے ایک سیکرٹری کا رویہ قابل مذمت ہے،پشتون ایس ایف

April 03, 2020

کوئٹہ(آئی این پی)پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی چیئرمین عالمگیر مندوخیل، ڈپٹی چیئرمین مزمل خان کاکڑ اور ممبر معصوم خان میرزئی نے ایک بیان میں عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن اور صوبائی وزیر زراعت زمرک خان اچکزئی سے صوبائی سیکرٹری صحت کی جانب سے ہتک آمیز اور غیر ذمہ دارانہ رویہ اپنانے کی مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی سیکرٹری صحت کا ایک منتخب عوامی نمائندے کیساتھ ایسا غیر اخلاقی رویہ قابل گرفت عمل ہے جس کا فوری طور سے نوٹس لیا جائے تاکہ آئندہ کسی کو منتخب عوامی نمائندے کے ساتھ ایسا برتا وکرنے کی ہمت نہ ہو۔علاوہ ازیں پشتون ایس ایف کے چیئرمین نے زمرک خان اچکزئی کے صاحبزادے کی علالت پر دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی انہیں جلد صحت یابی عطا کرے۔ درایں اثنا موجودہ عالمی وبا کی وجہ سے ایمرجنسی حالات میں ڈیوٹی پر مامور پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے دیرینہ رکن ڈاکٹر قیصر پانیزئی اور دیگر ڈاکٹروں کے بیمار ہونے پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی مجرمانہ غفلت پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایسے سنگین حالات میں ریاست اور حکومت پرگرفت رکھنے والے بااثر افراد عالمی امداد سے پیسے بنانے کی تگ ودو میں لگے ہوئے ہیں.جو ریاست اور تمام انسانیت کی بقا کیلئے باعث تشویش ہے۔