کورونا وائرس:اپوزیشن اختلافات بالائے طاق رکھکر کردار ادا کرے،اسماعیل لہڑی

April 03, 2020

کوئٹہ(پ ر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنماء و سابق ناظم چلتن ٹاون میر اسماعیل لہڑی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس عالمی وباء ہے جس سے دنیا پریشان ہے ، احتیاطی تدابیر اختیار کرکے اس سے بچاو ممکن ہے ، حکومت مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو ریلیف پیکیج دیگی ۔ ایک بیا ن میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کیلئے ملک بھر میں لاک ڈاون کیا ہے تاکہ لوگ اپنے گھروں میں رہ کر اس مرض سے محفوظ رہ سکیں، عوام کو بھی چاہئے کہ وہ طبی ماہرین کی طرف سے دی جانے والی احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور کسی بھی جگہ ہجوم نہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ اپوزشن جماعتوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کو کورونا وائرس سے بچانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے چیئرمین و ایگزیکٹو ایڈیٹر جنگ گروپ میر جاوید رحمٰن کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کی صحافتی خدمات کو سراہا۔ اور کہا کہ میر جاوید رحمٰن اور ان کے خاندان نے پاکستان میں اردو زبان اور صحافت کے فروغ کیلئے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ان کی وفات سے پیدا خلا پورا نہیں ہوسکتا۔ اردو صحافت میں میر جاوید رحمٰن بڑا نام تھے، انہوں نے میر جاوید رحمٰن کی وفات پر ان کے بھائی اور جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کا اظہار کیا۔