کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کا نہیں سوچ رہے، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ

April 04, 2020

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیشی بورڈ کی مالی حالت دوسرے بورڈز کے مقابلے میں بہت بہتر ہے، وہ کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی کے بارے میں نہیں سوچ رہے، حالات کنٹرول ہونے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے اثرات کی وجہ سے کھیلوںکے میدانوں سے کئی معاشی مسائل بھی سامنے آرہے ہیں ، انگلش پریمیئر لیگ میں کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی ہورہی ہے ۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو نظام الدین کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں اور اسٹاف کی تنخواہوں میں کمی کے بارے ابھی نہیں سوچا ،انہیں امید ہے کہ ایسے اقدامات کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

نظام الدین نے کہا کہ حالات کنٹرول ہونےکے بعد مزید لائحہ عمل طے کریں گے، دوسرے بورڈز کے مقابلے میں بنگلہ دیشی بورڈ بہتر پوزیشن میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا نے جون اور نیوزی لینڈ نے اگست میں دو دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنا ہے لیکن آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کی سیریز کھیلے جانے کا امکان نہیں ہے۔