پولیس اور ڈاکوؤں کا مقابلہ، 2 زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد

April 05, 2020

سکھر (بیورو رپورٹ) پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے، 2ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد، گرفتار ہونیوالے ڈاکو قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، چوری، اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق ضلع بھر میں لاک ڈاؤن کے حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرانے کے ساتھ ڈاکوؤں و جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بھرپور انداز سے کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ تھانہ ائیرپورٹ کی حدود باگڑجی بچاؤ بند آر آر پولیس چوکی کے قریب ڈاکو واردات کی نیت سے موجود تھے کہ معمول کا گشت کرنیوالے پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی، پولیس نے جوابی فائرنگ کی، اس دوران ایک ڈاکو حضور بخش کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جس کے قبضے سے پستول برآمد ہوئی ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہوگئے، زخمی ڈاکو کو سول اسپتال منتقل کیا گیا ہے، گرفتار ڈاکو قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، چوری، اغوا برائے تاوان، رہزنی سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا۔ دوسرا پولیس مقابلہ تھانہ جھانگڑو کی حدود قومی شاہراہ کے قریب ہوا، پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا، جس کی شناخت الطاف کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کے قبضے سے پستول برآمد ہوا ہے، گرفتار ڈاکو قتل، اغوا، ڈکیتی، چوری سمیت دیگر سنگین وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا، ملزم کا کرمنل ریکارڈ دیگر اضلاع سے بھی معلوم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ضلع بھر میں پولیس افسران و اہلکار ڈاکوؤں و جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں کررہے ہیں اور اپنے فرائض احسن انداز سے انجام دے رہے ہیں، حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کئے گئے لاک ڈاؤن پر بھی عملدرآمد کرایا جارہا ہے اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لئے بھی موثر اقدامات کئے گئے ہیں، جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور جرائم کی شرح میں کمی واقع ہورہی ہے۔ ضلع بھر کے تمام تھانہ انچارجز و پولیس افسران کو سختی سے احکامات دیے گئے ہیں کہ وہ اپنے اپنے تھانوں کی حدود میں امن و امان کی صورتحال کو ہر صورت میں برقرار رکھیں، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت و لاپرواہی برداشت نہیں کی جائیگی۔