’’بلاگنگ ‘‘ سے پہچان بنائیں

April 06, 2020

انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا نے لوگوں کے معلومات اور اطلاعات کو تخلیق، دریافت کرنے اور دوسروں تک پہنچا نےکے طریقےیک سرتبدیل کردیےہیں۔اب لوگ معلومات اور اطلاعات کے محض صارفین نہیں رہے،بلکہ وہ مواد کے خالق بن گئے ہیں۔تبدیلی کے اس عمل میں بلاگز پیش پیش ہیں۔ جس کےپاس کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے وہ بلاگنگ کے ذریعے اپنے خیالات میں دنیا کو شریک کر سکتا ہے۔ بلاگ شروع کرنے اور پھر اسے جاری رکھنے میں کوئی خرچ نہیں آتا، لہذا دنیا بھر میں لاکھوں افرادبلاگنگ کے عمل سے وابستہ ہیں۔اسے بنا نے کے لیےمفت ویب سائٹس موجود ہیں۔

بلاگ شروع کرنے اور اسے جاری رکھنے کے لیے کون کون سے اقدامات ضروری ہیں۔ ذیل میں اس حوالے سے موجود ہے،سب سے پہلے یہ سوچیے کہ آپ بلاگ کیوں بنانا چاہتے ہیں۔ کیا آپ کا مقصد اپنی برادری یا مقامی لوگوںکے بارے میں خبریں دوسروں تک پہنچاناہے؟ کیا آپ فوٹوگرافر بننے کے خواہش مند ہیں اور اپنے فن کی نمائش کے مواقعے کی تلاش میں ہیں؟

کیا آپ کسی مخصوص موضوع کے ماہر ہیں؟

اس کے بعد اُن قارئین کے بارے میں سوچیے جن تک آپ رسائی حاصل کرنا چاہتے ہیںاور یہ جاننے کی کوشش کیجیے کہ وہ کون سے موضوعات میںدل چسپی رکھتے ہیں۔سیاست،کھیل کود، تفریح، شوبز، کاسمیٹکس، ملبوسات، سائنس اور ٹیکنالوجی، کھانا پکانا،گھروںکی تزئین و آر ا ئش،خریداری،عام استعمال کی اشیا، الیکٹرانکس اور کاروبار،یہ سب مقبول موضوعات ہیں۔ اگرچہ ابتدا کر نے کے لیے یہ وسیع موضوعات بہت موزوں ہیں، لیکن بیش تر کام یاب بلاگز عموما ایک مخصوص موضوع یا شعبے تک محدود ہوتے ہیں۔مثلا ٹیکنالوجی کےبجائے، آپ کے بلا گ میں تمام تر توجّہ اینڈرائیڈ کی بنیاد پر بنے ہوئے جدید ترین ٹیبلیٹس پر ہو سکتی ہے۔ کاروبارجیسے وسیع موضوع پر لکھنے کے بجائے اس کی اُس شاخ کا انتخاب کیجیے جس میں آپ کو دل چسپی یا تجربہ ہو۔مثلا ہو سکتا ہے کہ کسی اور کاروبارکے بارے میںلکھنے کے بجائےآپ کا خاصّہ میڈیکل ٹیکنالوجی کے شعبے میں شروع کیے جانے والے نئے کاروبار کے بارے میں لکھنا ہو۔

اگلا قدم یہ ہونا چاہیے کہ اپنے بلاگ کے پلیٹ فارم، ڈیزائن اور نام کے بارے میں سوچیں۔ ٹیکنالوجی میں ہمیشہ تبدیلیاں آتی رہتی ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ بعض افراد محض ٹوئٹر کو140 حروف والے مائیکروبلاگ کے طورپر استعمال کرنا پسند کریں اور بعض جلدی سے تصاویر، لنکس، اور وڈیو پوسٹ کرنے کے لیے ٹمبلریا انسٹا گرام استعمال کرنا چاہتے ہو ں۔ لیکن بیش ترافرادکے خیال میں بلاگ ایک ویب سائٹ کی مانند ہوتا ہے جہاں آپ باقاعدگی سے اپنے خیالات کا اظہار اور انہیں پوسٹ کر سکتے ہیں۔

اس حوالے سےکئی مفت پلیٹ فارمزد ست یاب ہیں جن کے ذریعے آپ منٹوں میں اپنا کام شروع کرسکتے ہیں۔بہت سے مشّاق بلاگرز کسی ہوسٹنگ کمپنی کو اس لیے فیس اداکرتے ہیں کہ وہ اپنے بلاگ کی ظاہری شکل و صورت اور اس پر لکھے جانے والے مضامین کوزیادہ بہتر انداز میںکنٹرول کر سکیں۔

جہاں تک ڈیزائن کا تعلق ہے توبیش تر سہولتوں کا ایک بنیادی ٹیمپلیٹ ہوتا ہے جس سے آپ اپنا کام شروع کر سکتے ہیں۔ ایسے ا دارے بھی موجود ہیں جن سے آپ اپنے اسٹائل کی مناسبت سے ہزاروں ٹیمپلیٹ خرید سکتے ہیں۔ اگر آپ منفرد انداز اپنانا چاہتے ہیں، تو کسی گرافک ڈیزائنر کی خدمات حاصل کرکے ویب سائٹ بنواسکتے ہیں۔

آپ جو بھی راستہ اختیار کریں،یہ دو بنیادی نکات ذہن میں رکھیے: اوّل، آپ کی سائٹ کی شکل اور اس کے انداز کی آپ کے موضوع سے مطابقت ہونی چاہیے۔ مثال کے طور پر، مشہور و مقبول شخصیات کے بارے میں گپ شپ کے بلاگ میں شوخ رنگ اور بڑی بڑی سرخیاں استعمال کی جا سکتی ہیں۔ماحول دوست مواد اور آلودگی سے پاک ماحول قائم رکھنے کے بارے میں سائٹ سنجیدہ ہو سکتی ہے اوراِس میں ہلکے سبز رنگ کے نقوش استعمال کیے جانے چاہییں۔

دوم،آپ کا بلاگ موبائل آلات کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو سامنے رکھ کر ڈیزائن کیا جانا چاہیے۔ اب وہ وقت نہیں رہا کہ بلاگ محض ایسا ہو جو موبائل آلات پر اچھا لگے، بلکہ نئی سائٹ شروع کرنے والوں کے لیے یہ خصوصیت اب ناگزیر ہو چکی ہے۔

اس کے بعد اپنے بلاک کے لیے نام منتخب کریں۔ اگرچہ بلاگ کو ہر لحاظ سے بہترین نام دینا فن ہے اور سائنس بھی، لیکن اس ضمن میں چند بنیادی باتیں یہ ہیں: نام ایسا ہونا چاہیے جسےیاد رکھنا، اسے ادا کرنااور اس کی ہجّے کرنا آسان ہو۔

نام میں اعداد، اور ڈیش یعنی وقفے کی علامتیں اور خطِ کشید نہیں ہونے چاہییں۔

اشیاء یااداروں کے برانڈ نام اور ٹریڈ مارک استعمال نہ کریں۔

بہت سے لوگوں کے لیے، بلاگ ایک طرح کی آن لائن ڈائری ہوتا ہے، یعنی ایسی جگہ جہاں وہ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔ تاہم، یہ آپ کے قارئین کے لیے اس صورت میںمددگار ہوسکتا ہے جب آپ اپنی پوسٹس کو بلاگ کیے جانے والے مواد کے مطابق ڈھال لیں۔ مثال کے طور پر:

خبریں: اگر آپ واقعات کی رپورٹنگ کر رہے ہیں تو ایک صحافی کا کردار اپنالیجیے، اور ممکنہ حد تک اپنی رپورٹ میں غیرجانب داری سے کام لیجیے تا کہ آپ کے بلاگ کی قابلِ اعتبار ذریعے کے طور پر ساکھ بن جائے۔

انٹرویو: اگر آپ کسی کا انٹرویو پیش کررہے ہوں تو اسے سوال اور جواب کی شکل میں پوسٹ کیجیے۔

کچھ سکھانے یا بتانے کی کوشش: اگر آپ قارئین کو کوئی شئے بنانے کی ترکیب سکھانا یا بتانا چاہتے ہیںتو بلاگ کوبُلٹ پوائنٹس کی شکل میں پوسٹ کیجیے۔

سفر: اگر آپ بعض دل چسپ مقامات کے بارے میں اپنے تاثرات سے دوسروں کو آگاہ کرنا چاہتے ہیں تو قارئین کو ان مقامات کے مناظردکھائیےاورمتعلقہ آو ا ز یں سنوائیے۔

جائزے: اگر آپ نئی اشیاء یا تخلیقی چیزوںکے بارے میں اپنی آرا سے دوسروں کو آگاہ کرنا چاہتے ہیںتو دیانت دارانہ رائے دیجیے اور پڑھنے والوں کو دعوت دیجیے کہ وہ بھی اپنی آرا کا اظہار کریں۔

بلاگ کا فارمیٹ منتخب کرنے کے بعد یہ طے کیجیے کہ آپ اسے کتنی بار شائع کریں گے۔ دن میں ایک باریا ہفتے میں دوباراگر آپ اپنا بلاگ باقا عدہ نظام الاوقات کے مطابق پوسٹ کریں گے تو اس سے آپ کے قارئین کو نئی پوسٹس دیکھنے میں آسانی رہے گی۔

اکثر اوقات آپ کا موضوع آپ کے شیڈول کا تعین کرے گا۔ اگر آپ کے بلاگ کا تعلق کھیلوں سے ہے تو آپ جس کرکٹ ٹیم کے بارے میں لکھتےہیں اس کے ہر اہم میچ کے بعد پوسٹ کر سکتے ہیں۔ اگر آپ کا موضوع سیاست ہے تو آپ سال کے بیش تر حصے میں، ہرروزیا ہر ہفتےکئی بار پوسٹ کر سکتے ہیں۔ اگر کوئی اہم الیکشن یا کوئی اہم سیاسی معرکہ ہورہا ہوتو آپ کو روزانہ کئی بار پوسٹ کرنا ہوگا۔

قارئین کی تعداد بڑھانے کے گُر

• میڈیا کے استعمال میں ذہانت سے کام لیجیے۔ پڑھنے والوں کو اسکرین پر الفاظ سے بڑھ کر مزید کچھ دیجیے۔ اپنی تحریر دل کش بنانے کے لیے میڈیا کی دیگر اشکال،مثلا،بڑی بڑی تصویریں، دل چسپ وڈیوز، ٹوئیٹس اور انفوگرافکس شامل کیجیے۔

سماجی روابط بڑھائیے: سوشل میڈیا کی سائٹس پر اپنے بلاگ کی تشہیر کیجیے۔ اس طرح آپ جو کچھ اپنے بلاگ میں لکھیں گے وہ آپ کے قارئین کے وسیع تر نیٹ ورک کے ذریعے زیادہ لوگوں تک پہنچ پائے گا۔

فہرستیں پوسٹ کیجیے: ’’کم خرچ میں سفر کرنے کے دس مقبول طریقے‘‘ جیسے مضامین اب بھی کارگر ہیں۔ لوگ ایسے مختصرآئٹم پسند کرتے ہیں جو ایک ہی نشست میں آسانی سے پڑھے جا سکیں۔

تعلقات قائم کیجیے: اپنی دل چسپی کے شعبے میں اہم شخصیات سے رابطہ کرکے ان سےتعلقات بڑھائیے ۔مختلف تقریبات اور کانفرنسز میں لوگوں سے تعلق قائم کریں۔

اعلیٰ معیار کا مواد تخلیق کیجیے: سخت محنت اور ایسا مواد تخلیق کرنے کا کوئی بدل نہیں جسے لوگ پڑھنا اور دوسروں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔یعنی اتنے اچھے بن جائیے کہ لوگ آپ کو نظر انداز نہ کر سکیں۔