حیدرآباد میں کوئلہ کانوں کے مزدوروں کو اشیا خورونوش کی عدم فراہمی پر تشویش ہے، شوکت یوسفزئی

April 05, 2020

خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و صحت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں کوئلہ کانوں کے مزدوروں کو اشیا خورونوش کی عدم فراہمی پرتشویش ہے۔

اپنے ایک بیان میں شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ کو ان مزدوروں کی مشکلات سے متعلق خط لکھا تھا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیلیفون پر صوبائی وزیر سید غنی کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کوئلہ مائینز میں پھنسے 10 ہزار سے زائد مزدوروں کا تعلق شانگلہ سے ہے۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے رابطہ کیا اور لاکھڑا کے کول مائنز میں کام کرنے والے مزدوروں کی مشکلات سے آگاہ کیا تھا۔

گورنر سندھ سے گفتگو کے دوران مراد سعید کا کہنا تھا کہ لاکھڑا کول مائنز کی بندش سے بہت سارے مزدور بے روزگار ہوکر کیمپوں تک محدود ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزدور اپنے علاقوں میں واپس نہیں جا سکتے، ان کے پاس کھانے پینے کی اشیاء بھی نہیں ہیں۔ ان میں بہت سارے مزدوروں کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ، سوات اور دیر سے ہے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ ان مزدوروں کو تنخواہ بھی ادا نہیں کی گئی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مراد سعید کو یقن دہانی کروائی کہ مزدوروں کی مدد کی جائے گی۔