شوکت یوسفزئی نے میرے خلاف بے بنیاد بات کہی، سعید غنی

April 05, 2020

سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ شوکت یوسفزئی نے میرے خلاف جو کہا وہ غلط اور بے بنیاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شوکت یوسف زئی وزیر کی حیثیت سے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ شوکت یوسفزئی صرف اپنے حلقے کے عوام کے جذبات کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ کوئلہ کان مزدوروں کی مشکلات کو بھی حل کریں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مزدوروں کو واپس بھیجنا ابھی لاک ڈاؤن میں ممکن نہیں ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات مجھے فون کر رہے تھے، لیکن میں جواب نہیں دے سکا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس حوالے سے میں اپنے موبائل کا پورا ریکارڈ بھی دکھانے کو تیار ہوں۔

اس سے قبل خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات و صحت شوکت یوسفزئی نے کہا تھا کہ حیدرآباد میں کوئلہ کانوں کے مزدوروں کو اشیا خورونوش کی عدم فراہمی پرتشویش ہے۔

اپنے ایک بیان میں شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ کو ان مزدوروں کی مشکلات سے متعلق خط لکھا تھا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیلیفون پر صوبائی وزیر سید غنی کو تمام تر صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے گورنر سندھ عمران اسماعیل سے رابطہ کیا اور لاکھڑا کے کول مائنز میں کام کرنے والے مزدوروں کی مشکلات سے آگاہ کیا تھا۔

گورنر سندھ سے گفتگو کے دوران مراد سعید کا کہنا تھا کہ لاکھڑا کول مائنز کی بندش سے بہت سارے مزدور بے روزگار ہوکر کیمپوں تک محدود ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے مزدور اپنے علاقوں میں واپس نہیں جا سکتے، ان کے پاس کھانے پینے کی اشیاء بھی نہیں ہیں۔ ان میں بہت سارے مزدوروں کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے شانگلہ، سوات اور دیر سے ہے۔

مراد سعید کا کہنا تھا کہ ان مزدوروں کو تنخواہ بھی ادا نہیں کی گئی۔

گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مراد سعید کو یقن دہانی کروائی کہ مزدوروں کی مدد کی جائے گی۔