باہمی کوششوں سے اس کڑے وقت سے نمٹنا چاہئے، بریگیڈئر نعمان

April 06, 2020

ڈگری( نامہ نگار)کمشنر عبدالوحید شیخ نے پاک آرمی چھور کینٹ کے بریگیڈئر نعمان اورڈپٹی کمشنر زاہد حسین میمن کے ہمراہ جمعرات کو نئے تعمیر ہونے والے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں قائم آئسولیشن اور قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاک فوج چھورکینٹ کے بریگیڈئر نعمان نے کہا کہ خدمت خلق سے اللہ تعالیٰ راضی ہوتا ہے۔ ہم سب کو باہمی کوششوں سے اس دکھی وقت سے نمٹنا چاہئے۔ انہوں نے انتظامیہ اور ڈاکٹروں کی جانب سے کی گئی کوششوں کو سراہا۔ دورے کے دوران کمشنر عبدالوحید شیخ نے کہا کہ ڈاکٹروں کو چاہئے کہ کسی کو بھی بغیر کٹ کے آئسولیشن سینٹر میں داخل نہ ہونے دیں۔ میونسپل کمیٹی کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر جراثیم کش اسپرے کرایا جائے گا۔ سینٹرمیں سیکورٹی کا مکمل بندوبست کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر قوم کا اثاثہ ہیں۔ قرنطینہ اور آئسولیشن سینٹرمیں مریض آنے کی صورت میں ڈاکٹروں کو مریض کی دیکھ بھال کے ساتھ اپنے آپ کو بھی کوروناوائرس سے بچاناچاہئے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مشتاق شاہ اور انچارج آئسولیشن سینٹر ڈاکٹر ہرچند رائے نے بتایا کہ ڈی ایچ کیو اسپتا ل میں قائم آئسولیشن سینٹر میں 50بیڈز کی گنجائش موجود ہے۔ جس میں ڈاکٹراورپیرامیڈیکل اسٹاف مطلوبہ سہو لتوں کے ساتھ ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ جبکہ ڈی ایچ کیو اسپتال میں قائم قرنطینہ سینٹر میں بھی50بیڈز کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ جس میں ضرورت کے مطابق ضلع بھر کے اور دیگر اضلاع اور بیرون ممالک سے آنے والوں کو چیک کرنے کیلئے رکھا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پی سی بی گر اؤنڈ میں بھی قرنطینہ سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ تاہم ضرورت پڑنے پر منتخب کردہ مقامی ہوٹلز اور گیسٹ ہاؤسز میں بھی قرنطینہ سینٹر قائم کئے جائیں گے۔