ہمارا ٹارگیٹ 50 ہزار لوگوں میں راشن تقسیم کرنا ہے، گورنر سندھ

April 06, 2020

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہمارا ٹارگٹ ہے کہ 50 ہزار لوگوں کو راشن کے تھیلے تقسیم کریں، جبکہ مخیر حضرات اور دیگر اداروں کی مدد سے راشن تقسیم کررہے ہیںاور کے پی ٹی نے 3000 راشن کے تھیلے ہمارے حوالے کیے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ ٹائیگر فورس میں سندھ سے 1 لاکھ 20 ہزار لوگ رجسٹرڈ ہوگئے ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ میں بہت سے لوگ ہیں جن کےشاختی کارڈ نہیں ہیں جبکہ جن لوگوں کا نام نیشنل ڈیٹا بیس میں نہیں ہے ان تک امداد پہنچانے کا نظام بنارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے امدادی پروگرام میں ڈپٹی کمشنرز لوگوں کو مدد فراہم کریں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ڈاکٹر ز اور پیرا میڈیکس فرنٹ لائن سپاہی ہیں، ڈاکٹرز سمیت طبی عملے کی جو ڈیمانڈ ہے وہ سب جائز ہیں۔