گورنر سندھ کی سربراہی میں پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کا اجلاس

April 06, 2020

سندھ میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم پاکستان سر جوڑ کر بیٹھ گئی۔

کراچی میں گورنرسندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کے اراکین کا اجلاس ہوا، جس میں فردوس شمیم نقوی، خرم شیر زمان، سعید آفریدی نے شرکت کی جبکہ ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان، فیصل سبزواری،عبد الوسیم اور ارشد حسین بھی اجلاس میںشریک ہوئے۔

اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال اور کورونا سے بچاؤ کے اقدامات پر غور کیاگیا۔

گورنر سندھ کی سر براہی میںہونے والے اجلاس میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں میں راشن کی تقسیم کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران صوبے میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس کو مشترکہ حکمت عملی سے شکست دینا ہوگی جبکہ کورونا وائرس پر کنٹرول کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ لاک ڈاؤن سے متاثرہ خاندانوں تک راشن پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنمائوں نے کہا کہ اس وباکے خاتمے کیلئے حکومت کی ہر کاوشوں میں ساتھ ہیں۔

پی ٹی آئی اراکین نے کہا کہ عوام کو کورونا سے محفوظ بنانے کی حکومتی حکمت عملی کار گرثابت ہوگی۔