ملک کے 136اسپتالوں میں 3300 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں، چیئرمین این ڈی ایم اے

April 06, 2020

چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک کے 136 اسپتالوں میں 3300 وینٹی لیٹرز دستیاب ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کے معاونین خصوصی فردوس عاشق اعوان، ڈاکٹر ظفر مرزا اور معید یوسف کے ہمراہ کورونا کی صورتحال پر میڈیا بریفنگ میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ہمارا ہدف مطلوبہ تعداد میں وینٹی لیٹرز کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کے پاس حفاظتی کٹس اور ماسکس کی کوئی کمی نہیں، ڈاکٹروں اور طبی عملے کے لیے حفاظتی کٹس کی بروقت فراہم کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے مزید کہا کہ حفاظتی کٹس سے متعلق این ڈی ایم اے نے اسپتالوں سےبراہ راست رابطہ کرلیا ہے، مختلف اسپتالوں میں 49 ہزار 500 حفاظتی کٹس پہلے ہی فراہم کرچکے ہیں، مزید کٹس کی فراہمی آئندہ ایک دو روز میں مکمل کرلی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافے پر توجہ دی جارہی ہے، اس حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔