کورونا سے ہلاک افراد کی لاشیں سڑک پر ہی چھوڑ دی گئیں

April 06, 2020

کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو دفنانے کے بجائے انہیں سڑک پر ہی چھوڑ دیا گیا۔

یہ واقعہ جنوبی امریکا کے ملک ایکواڈور میں دیکھنے میں آیا جب لوگ اپنے پیاروں کی لاشوں کو گھر کے باہر ہی چھوڑ گئے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر کے ممالک نے لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے جس کے باعث ان ممالک کی معیشتوں کا پہیہ جام ہوگیا ہے۔

معیشت کا پہیہ جام ہونے کا عملی نمونہ جنوبی امریکا کی ریاست ایکواڈور میں دیکھنے میں آیا جہاں لاشوں کے لیے تابوت ہی کم پڑ گئے۔

غیر ملکی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ایکواڈور میں تقریباً 170 افراد ہلاک ہوئے، تاہم لاک ڈاؤن اور خطرناک بیماری کی وجہ سے ان لاشوں کو باہر ہی چھوڑی دیا گیا۔

ان مرنے والے افراد کے لواحقین اس انتظار میں بیٹھے رہے کہ سرکاری حکام ان لاشوں کو اٹھائیں گے، تاہم اسی انتظار میں لاشوں کو پڑے پڑے 3 روز سے زائد گزر گئے۔

ایکواڈور محکمہ صحت کے مطابق ملک میں ہلاکتوں کی تعداد 170 سے زائد ہوگئی ہے، جبکہ وہاں تابوت بھی کم پڑ گئے ہیں۔

شہریوں کو اپنے لواحقین کی آخری رسومات ادا کرنے کے لیے کارڈ بورڈ کے بنے تابوتوں کو استعمال کرنے پر مبجور کیا جارہا ہے۔

جب شہریوں نے اپنی صورتحال سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر شائع کیں تو ایکواڈور کے نائب صدر اوٹو سونین ہولزنر نے سہولیت نا دینے پر معافی مانگ لی۔

انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ’جو تصاویر اور ویڈیوز دیکھی ہیں، یہ سب نہیں ہونا چاہیے تھا، اس سب پر آپ سے معافی مانگتا ہوں۔ ‘

غیر ملکی ویب سائٹ پر شائع رپورٹ کے مطابق تابوت کم پڑنے اور لاک ڈاؤن ہونے کے باعث کارڈ بورڈ کے تابوت تیار کرکے انہیں مختلف علاقوں میں روانہ کیا گیا ہے۔