کنیکا کپور نے کورونا کو شکست دیدی، پانچویں ٹیسٹ رپورٹ منفی

April 07, 2020

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بولی وڈ گلوکارہ کنیکا کپور کے پانچویں کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ سامنے آگئی۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گلوکارہ نے لکھنؤ کے اسپتال پی جی آئی میں کورونا کی تشخیص کا پانچویں بار ٹیسٹ کروایا جس کی رپورٹ انہیں کچھ دیر قبل موصول ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کنیکاکپور کا پانچویں بار ہونے والا ٹیسٹ نیگیٹیو آیا یعنی انہوں نے وائرس کو شکست دے دی۔ ڈاکٹرز نے گلوکارہ کو فی الحال گھر جانے کی اجازت نہیں دی اور انہیں چند روز تک اسپتال میں ہی رکھنے کا فیصلہ کیا۔یاد رہے کہ بولی وڈ گلوکارہ مریکا سے بھارت واپس پہنچیں تو انہیں کورونا کی علامات ظاہر ہوگئیں تھیں جسے کنیکانے نظر انداز کیا اور لوگوں سے معمول کے مطابق میل جول برقرار رکھا۔کنیکانے ایک تقریب میں شرکت کی تھی جس میں تین سو سے زائد اعلیٰ شخصیات شریک تھیں جن میں ججز، اراکین اسمبلی شامل تھے۔ بعد ازاں گلوکارہ نے کورونا کی تشخیص کی تصدیق کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے لکھا تھا کہ ’مجھے نزلہ زکام کی شکایت تھی جس کے بعد میں نے کورونا کا ٹیسٹ کروایا اور اس کی رپورٹ مثبت آئی‘۔ انہوں نے لکھا تھا کہ ’اب میں اور میرے تمام گھر والے قرنطینہ میں چلے گئے ہیں‘۔بعد ازاں گلوکارہ کے خلاف پولیس نے تین مقدمات درج کیے اور انہیں گھر سے اسپتال منتقل کیا، کنیکانے13روز میں چار ٹیسٹ کروائے جن کی رپورٹ پازیٹیو آئی البتہ دو روز قبل ہونے والے ٹیسٹ کی رپورٹ نیگیٹیو آئی۔