ثانیہ مرزا کھانے کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنیوالوں پر برس پڑیں

April 07, 2020

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شعیب ملک کی اہلیہ و بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا لاک ڈاؤن کے دوران سوشل میڈیا پر کھانا کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرنے والوں پر برس پڑیں۔کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والے لاک ڈاؤن کے بعد معروف شخصیات اور عوام گھروں پر ہی محدود ہیں اور وہ وقت گزارنے کے لیے سماجی رابطے کے پلیٹ فارمز کا سہارا لے رہی ہیں۔ثانیہ مرزا نے ٹویٹر پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کھانےکی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے والے صارفین کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ ’کیا ہم کھانا پکانے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرچکے؟، زرا سوچیے کہ اس وقت دنیا میں ہزاروں ایسے لوگ ہمارے اردگرد بھی موجود ہیں جو ان دنوں بہت سی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں‘۔ ثانیہ مرزا نے لکھا کہ ’کھانے کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنے سے پہلے اُن لوگوں کے بارے میں سوچیے جو بھوک سے مررہے ہیں، وہ ایک وقت کا کھانا تلاش کرنے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور جب انہیں کھانا مل جاتا ہے تو وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں‘۔خیال رہے کہ دنیا بھر میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن لگا ہوا ہے۔