دیپکا پڈوکون کے پسندیدہ گانوں میں راحت فتح علی خان اور عابدہ پروین کا گانا بھی شامل

April 07, 2020

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک)عالمگیر کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں گھروں میں محصور لوگ سوشل میڈیا کا استعمال زیادہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔لوگ سوشل میڈیا پر اپنے پسند کے کھانوں کی ترکیب، ورزش کے لیے ٹپس، فلمیں، گانے اور اپنے پسندیدہ شوز بھی تجویز کر رہے ہیں۔اب حال میں بولی وڈ کی معروف اداکارہ دپیکا پڈوکون نے بھی مداحوں سے اپنی پلے لسٹ شیئر کی ہے جس میں وہ تمام گانے شامل تھے جو کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران ان دنوں سن رہی ہیں۔دپیکا پڈوکون کی پلے لسٹ کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں پاکستان کے نامور گلوکار راحت فتح علی خان اور عابدہ پروین کا گانا ʼچھاپ تلک بھی شامل ہے۔خیال رہے کہ گلوکارہ عابدہ پروین اور گلوکار راحت فتح علی کا گانا چھاپ تلک مقبول ترین کوک اسٹوڈیو کے سیزن 7کا گانا ہے جسے اسٹرنگس کی جانب سے پروڈیوس کیا گیا تھا۔