طاہر شاہ گانا ریلیز کردیں شاید کورونا کی موت ایسے ہی لکھی ہو،صارفین

April 07, 2020

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)آئی ٹو آئی اور اینجل نامی گانوں سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکارطاہر شاہ کا نیاگانا ریلیز کرنے کی تاریخ میں تیسری بار تبدیلی سوشل میڈیا صارفین کی تفریح کا باعث بن گئی۔ طاہرشاہ نے دسمبر 2019 کے اختتام پر ٹویٹ میں بتایا تھا کہ ان کا تازہ گانا بہت جلد آرہا ہے۔تقریبا ڈیڑھ ماہ بعد 13 فروری کو ویلنٹائن ڈے سے ایک روز قبل طاہر شاہ نے گانے کے بجائے اس کی پہلی جھلک شیئر کی جو ویڈیو نہیں بلکہ دل کی شکل کی ایک تصویر تھی۔ٹویٹ میں بتایا گیا تھا کہ گانے کا نام ’’فرسٹ لک ‘‘ ہےجسے آئندہ ماہ 14 مارچ کو ریلیز کیا جائے گا۔14 مارچ آئی اور گزربھی گئی لیکن گانا سننے کو نہ ملا۔بالآخر 27 مارچ کو گلوکار نے ٹویٹ میں خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ نیا گانا 3اپریل کو ریلیز کیا جائے گا۔اب تازہ ٹویٹ میں طاہر شاہ کی جانب سے کہا گیا کہ اس گانے کی ریلیز 10اپریل کو ہوگی۔جس پر سوشل میڈیا صارفین کا پیمانہ صبر لبریز ہوا اور انہوں نے دل کھول کر پرمزاح اور طنزیہ تبصرے شروع کردیے۔ایک صارف نے لکھا کہ سر آپ ریلیز کردیں شایدکرونوا کی موت ایسے ہی لکھی ہو،حارث میاں نے لکھا کہ جب تک طاہر شاہ کا گانا ریلیز نہیں ہوگا لاک ڈاؤن ختم نہیں ہوگا،بنجارہ نے کہاکہ ہریاپ مین،یو آر دی بیسٹ اینٹی دوٹ ٹو کورونا وائرس۔واضح رہے کہ طاہر شاہ نے 2013میں ’’آئی ٹو آئی‘‘ گانے سے شہرت پائی تھی۔ جبکہ 2016میں ان کے گانے ’’اینجل‘‘ نے بھی دھوم مچادی تھی۔اینجل کو ایریزونا میں ہونے والے ایپکس شارٹ فلم اینڈ میوزک ویڈیو فیسٹیول میں ایپکس ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ان دونوں گانوں کی شاعری اور طاہر شاہ کے ویڈیو بنانے کے انداز پرانہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا ، اس کے باوجود یہ گانے بیحد مقبول ہوئے تھے۔