مہوش حیات کی بی جے پی رہنما سبرامنین سوامی کے بیان پر سخت تنقید

April 07, 2020

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ مہوش حیات نے بی جے پی رہنما سبرامنین سوامی کے بیان پر سخت تنقید کردی۔ اداکارہ مہوش حیات نے بھارت کی بدترین حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما سبرامنین سوامی کے غیر ملکی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے نمائندہ کو اس طرح تبصرے کرنے کی اجازت کس طرح دی جاسکتی ہے، بھارت میں جو کچھ ہورہا ہے کہ اس پر دنیا نے آنکھیں کیوں بند کررکھی ہیں۔اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ وہی ہے جو نازی جرمنی نے کیا، تو کیا اب مسلمانوں کے ساتھ بھی وہی ہوگا؟ حال ہی میں مہوش حیات نے ایک ویب شو میں انٹرویو دیا جس دوران میزبان نے ان سے بولی وڈ میں کام نہ کرنے کی وجہ پوچھی۔ میزبان کے سوال کے جواب میں مہوش حیات نے کہا کہ ’مجھے پاکستان میں پہلے ہی اتنا معیاری کام مل رہا تھا کہ مجھے بولی وڈ میں کام کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی‘۔ انہوں نےمزید کہا کہ ’مجھے اپنے ملک سے ہی بے شمار عزت ملتی ہے، میرے لیے سب سے ضروری عزتِ نفس ہے، جب آپ بولی وڈ میں کام کرتے ہیں تو وہاں کوئی عزت نفس نہیں ہوتی۔ مہوش حیات کا کہنا تھا کہ ’بولی وڈ میں کام کرنے کے بعد آپ وہاں اپنی فلموں کے پریمئیرز میں شرکت نہیں کرسکتے تو جہاں عزتِ نفس نہ ہو اور صرف پیسہ اور شہرت ہو میرے لیے یہ بالکل اہمیت نہیں رکھتا‘۔