تبلیغی جماعت بارے شکوک و شبہات پیدا کیے جا رہے ہیں، سید اطہر شاہ

April 07, 2020

ملتان(سٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ بار کے رکن اور معروف قانون دان سید اطہر شاہ بخاری، ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالستار، جو کہ انجمن شاہی مسجد ابدالی کے عہدے دار بھی ہیں اور محمد اعظم جاوید ایڈووکیٹ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا ہے کہ تبلیغی جماعت کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کیے جا رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کی آڑ میں ریجنل تبلیغی مرکز کو قرنطینہ سینٹر میں تبدیل کر کے 400 کے لگ بھگ افراد کو نظر بند کیا ہوا ہے، جہاں انہیں خوراک فراہم کی جارہی ہے نہ ادویات۔ تبلیغی جماعت کے غیر ملکی ارکان کو ڈی ایچ اے میں الگ تھلگ رکھا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ نیگیٹو رزلٹ والے افراد کو بھی گھر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے، تبلیغی مرکز کے منتظمین کی انتظامیہ تک رسائی نہیں ہے افسران اپنے دفاتر میں موجود نہیں نہ فون پر بات کرتے ہیں۔ اسی طرح کوٹ ادو، میاں چنوں شجاع آباد، بستی نواب پور ،چاہ خان محمد والا کی مساجد کو بھی قرنطینہ میں تبدیل کر کے پولیس کا پہرہ لگا دیا گیا ہے اور ایک خاص مقصد کے تحت تبلیغی جماعت کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا کیے جا رہے ہیں۔