ثقلین مشتاق کی بیٹی نے انکا ’گیٹ اپ‘ بدل دیا

April 07, 2020


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کی بیٹی نے لاک ڈاؤن کے دوران وقت گزاری کے لیے والد کا میک اپ کرڈالا اور ایک نیا روپ سامنے لے آئی۔

ثقلین مشتاق کی میک اپ کی شوقین بیٹی نے والد کا ’گیٹ اپ‘ بدل کرشوق پورا کیا، بیٹی نے والد کی آنکھوں پرشیڈز، ہونٹوں پر لپ اسٹک لگائی اور سرخ وگ بھی پہنا دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ثقلین مشتاق نے میک اپ اور مصنوعی بال لگائے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اپنی بیٹی کا تعارف میک اپ آرٹسٹ کے طور پر کرواتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے بھی خود ساختہ تنہائی اختیار کی ہوئی ہے۔

ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ لاکھ منع کرنے کے باوجود اُن کی بیٹی میک اپ کرنے پر بضد رہیں، اور پھر مجھے یہ نیا روپ دے دیا۔

ویڈیو پیغام کے آخر میں انہوں نے اپنے تمام چاہنے والوں سے اس بات پر زور دیا کہ ہماری طرح آپ بھی از خود تنہائی اختیار کریں ، تاکہ خود بھی محفوظ رہیں اور دوسرے بھی محفوظ رہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وقت کو یادگار بناتےہوئے اپنے عزیزوں کے ساتھ لطف انداز ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد بار ثقلین مشتاق اپنی بیٹیوں کے ہمراہ تصویریں اور ویڈیوز شئیر کرتے رہے ہیں لیکن حالیہ ویڈیو نے ان کے مداحوں سمیت مشہور و معروف شخصیات کی توجہ بھی حاصل کی اور وہ لیجنڈ کے اس نئے انداز کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے۔

فخر عالم نے ویڈیو پر اپنا تبصرہ پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’دوسرا‘ کے موجد کو بیٹی کی طرف سے ’تیسرا‘ کا سامنا ہے۔

احمد شہزاد نے ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’ثقلین بھائی آپ تو بےحد حسین لگ رہے ہیں۔