قائمہ کمیٹی نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا فوری اجلاس بُلایا جائے، شہباز شریف

April 07, 2020

قائمہ کمیٹی نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا فوری اجلاس بُلایا جائے، شہباز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا فوری اجلاس بُلانے کا مطالبہ کردیا۔

زراعت سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ڈیزل، پیٹرول کی قیمت فوری کم کرکے 70 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیوب ویل کے بجلی، گیس کے بلوں کو 6 ماہ کے لیے مؤخر کیا جائے، جبکہ ساڑھے 12 ایکڑ رقبہ رکھنے والے کسانوں کے آئندہ 6 ماہ کے زرعی قرضے کی وصولی ایک سال کے لیے مؤخر کی جائے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گندم خریداری کے اہداف کو قطعاً متاثر نہ ہونے دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کا پرائیویٹ گندم کی خریداری اور ٹریڈ کی نقل و حمل پر کوئی اثر نہیں ہونا چاہیے۔

لیگی صدر نے کہا کہ کاشتکاروں سے ظلم اور زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی، کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج گندم کی کٹائی اور اس کی گوداموں تک ترسیل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا نے ہر طرف تباہی مچا رکھی ہے، انسانیت کی خدمت کا یہ بہترین موقع ہے۔