سیٹلائٹ ٹائون میں غیرمعیاری اشیاء فروخت کرنیوالے6مراکز کو جرمانہ

April 08, 2020

کوئٹہ(خ ن)بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیم نے سیٹلائٹ ٹاؤن کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے چھ کھانے پینے کے مراکز پر جرمانہ عائد کردیا، مذکورہ مراکز کے خلاف کارروائی غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کی فروخت، صفائی کے ناقص انتظامات اور زائدالمیعاد اشیاء کی موجودگی پر کی گئی۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نقیب اللہ ناصر کی سربراہی میں بی ایف اے کی معائنہ ٹیم نے چیکنگ کے دوران مختلف ملک شاپس، سویٹس اینڈ بیکرز، جنرل سٹورز اور جوس کارنرز کا معائنہ کرتے ہوئے وہاں فروخت ہونے والی اشیاء خوردونوش کے معیار اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا ، علاوہ ازیں فوڈ اتھارٹی حکام نے متعدد کھانے پینے کے مراکز کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق عوام کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ مراکز مالکان کو صفائی کی صورتحال میں بہتری کے لئے فوری اقدامات کرنے اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے وضع کردہ اسٹینڈرڈ کے مطابق غذائی اشیاء کی تیاری و فروخت کے حوالے سے آگاہی دی گئی اور اس ضمن میں اصلاحی نوٹس اور بی ایف اے کے خصوصی ہدایت نامے بھی جاری کئے گئے۔