کورونا فنڈ، شعیب اختر کی پاک بھارت ون ڈے سیریز کی تجویز

April 08, 2020


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے موجودہ صورتحال میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی تجویز پیش کی ہے تاکہ اس سے جمع ہونے والی آمدنی کو کورونا وائرس کی عالمی وبا کے خلاف دونوں ملکوں میں استعمال کیا جاسکے۔

اپنے زمانے کے تیز ترین بولر کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کے باعث 2007 کے بعد سے کوئی مکمل سیریز نہیں کھیلی جاسکی ہے، دونوں ملک صرف آئی سی سی ورلڈکپ اور ایشیا کپ مقابلوں کے دوران مد مقابل آئے تھے۔

ایک بھارتی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بحران کے دور میں میری تجویز ہے کہ تین میچوں کی ایک سیریز کھیلی جائے، اس کے نتائج سے کوئی بھی ناراض نہیں ہوگا۔

اگر ویرات کوہلی سنچری بنائیں گے تو ہم خوش ہونگے اور بابر اعظم سو رنز کرینگے تو آپ خوش ہونگے، دونوں ٹیمیں فاتح ہونگی اس سے قطع نظر کہ آن دی فیلڈ کیا ہورہا ہے۔