یہ وقت کورونا کیخلاف مل کر لڑنے کا ہے، انٹونیو گوٹریس

April 09, 2020

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے کہا ہے کہ یہ وقت کورونا کے خلاف مل کر لڑنے کا ہے، وائرس کے خلاف رد عمل کا جائزہ بعد میں لینا چاہیے ۔ عالمی ادارہ صحت نے بھی امریکا اور چین سے کورونا وائرس کے خلاف مل کر جنگ لڑ نے کی اپیل کردی۔

انٹونیو گوٹریس کے ترجمان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ایک بار وبا پر قابو پالیں تو پھر پیچھے مڑ کر بھرپور جائزے کے لیے وقت ضرور ہونا چاہیے، لیکن ابھی وہ وقت نہیں ہے، یہ وقت اتحاد کا ہے۔ بین الاقوامی برادری اس وائرس اور اس کی وجہ سے ہونے والے نتائج کو روکنے کے لیے یکجہتی کے ساتھ مل کر کام کرے۔

ادھر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس نے جنیوا میں ویڈیو بریفنگ میں کہا کہ کورونا وائرس کو سیاست زدہ نہ کیا جائے ۔

ان کا کہنا تھا کہ الزام تراشی میں وقت ضائع نہ کیا جائے، یہ آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے، اس کے بجائے سمجھداری کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت پر چین کی طرفداری کا الزام لگاتے ہوئے امداد میں کٹوتی کی دھمکی دی تھی۔ ٹرمپ کی تنقید کے بعد ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے کورونا وبا سے نمٹنے میں امریکی امداد کا شکریہ بھی ادا کیا۔