جراثیم کش ادویہ کے اسپرے کیلئے واٹر بورڈ کی مشینیں تیار

April 09, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) کورونا وباءکے سدباب کیلئے کلورین اور جراثیم کش ادویہ وکیمیکل ملے پانی کے اسپرے کیلئے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نےمشینیں تیار کرلیں ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان نے کہا کہ کرونا کے خلاف جنگ میں واٹربورڈ سندھ حکومت کے شانہ بشانہ ہے ،وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈسید ناصر حسین شاہ کی ہدایات پر واٹربورڈنے شہرمیں کرونا کی وباءکے سدباب کیلئے کلورین اور جراثم کش ادویہ وکیمیکل ملے پانی کے اسپرے کیلئے تیار کی گئی مشینوں سےآزمائشی طورپرچھڑکاؤ شروع کردیا گیاہے ،تفصیلات کے مطابق وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈسید ناصرحسین شاہ نے ایم ڈی واٹربورڈ اسداللہ خان کو ہدایت کی تھی کہ واٹربورڈ شہر میں کلورین ملے پانی اور جراثم کش ادویہ کیمیکل کے اسپرے کے لئے اقدامات کرے، ان ہدایات پر واٹربورڈ کے سیورایکوپمنٹ اینڈ سروسز ورکشاپ ڈویژن نے فوری طور پر جیٹنگ راڈنگ مشینوںمیں کلورین ملے پانی اور جراثم کش ادویہ کے اسپرے کا سسٹم نصب کردیا ہے ،پہلی دو مشینوں کی تیاری کے بعد مزید مشینوںمیں اس سسٹم کو نصب کیا جارہا ہے ، ایم ڈی واٹربورڈ نے واٹربورڈ کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ورکشاپ ڈویژن کا دورہ کرکے تیار کردہ مشینوں کا معائنہ کیا اور مشین کی تیاری پر چیف انجینئر الیکٹریکل اینڈمکینیکل(واٹر) انتخاب احمد راجپوت، ایگزیکٹیوانجینئرسیورایکوپمنٹ اینڈ سروسز ورکشاپ ڈویژن سید مظہر حسین اور ان کے عملے کو مبارکباد دی ،واضح رہے کہ ان مشینوں میں ایک وقت میں550گیلن سوڈیم ہائپو کلورائیڈ ،بلیچ ،ڈیٹول ملا پانی اسپرے کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے ،ایم ڈی کی ہدایات پران مشینوں کے ذریعہ شہر کی اہم ترین شاہراہ فیصل ، نرسری ، کارساز ،پی ای سی ایچ ایس ، شاہراہ قائدین ،نرسری ،درویش کالونی ،نائنتھ مائلز کارساز ایمپائزکالونی سمیت شہر کی دیگر شاہراہوں اور علاقوں میں جراثم کش ادویہ اور کلورین ملے پانی کا چھڑکاو کیا گیا۔