جہانگیر ترین اور اعظم خان کےاختلافات پرانے ہیں

April 09, 2020

لاہور(فاخر ملک) خیبر پختونخوا کے سابق چیف سیکرٹری اور وزیر اعظم عمران خان کے موجودہ پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اور جہانگیر خان ترین کے درمیان اختلافات کی بنیاد 2015 میں پڑی جب پرویز خٹک کے دور میں اعظم خان صوبہ کے چیف سیکرٹری کے عہدہ کے امیدوار تھےلیکن پٹرولیم کے ایک سابق سیکرٹری عابد سعید کو چیف سیکرٹری بنادیا گیا.

ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم خان کا خیال تھا کہ انہیں جہانگیر ترین کی مخالفت کے باعث چیف سیکرٹری نہیں بنایا گیا حالانکہ عابد سعید پرویز خٹک کا انتخاب تھے.

تاہم اکتوبر 2017 میں جب چیف سیکریٹری عابد سعید کے عہدہ کی میعاد ختم ہو گئی تو بنی گالہ سے سپورٹ کے نتیجہ میں اعظم خان کو صوبہ کا چیف سیکر ٹری بنا دیا گیا.

اس کے بعد کئی معاملات پر دونوں میں اختلافات سامنے آئے.ان میں کے پی اکنامک زون کےچئیرمین غلام دستگیر کو ان کے عہدہ پر برقرار رکھنے کا معاملہ بھی تھا جنہیں ترین کی حمایت حاصل تھی لیکن اعظم خان کے دور میں انہیں ہٹا دیا گیا.

حالانکہ قبل ازیں صورتحال کو دیکھتے ہوئے قبل ازیں غلام دستگیر نے وزیر اعلیٰ کو مستعفی ہونے کی پیش کش کی تھی لیکن پرویز خٹک نے انہیں ایسا کرنے سے روک دیا تھا، لیکن بالآخر انہیں اکنامک زون کےچیئرمین کے عہدہ سے ہٹا دیا گیا۔