غربت بھوک افلاس کا دھماکہ ملک برداشت نہیں کرسکتا ، لیاقت بلوچ

April 09, 2020

الاہور(نمائندہ خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے تنظیم اسلامی کے مرکزی رہنما مرزا ایوب بیگ اور چاروں مسالک بورڈ کے چیئرمین مولانا شعیب الرحمن ، ملک ممتاز اعوان نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں کوروناوبا کی تباہ کاریوں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے عام غریب ، روزانہ کی بنیاد رپر کام کرنے والے مزدوروں ، سیلز مین ، قلیوں ، رکشہ ڈرائیورز کی حالت زار پر تبادلہ خیال ہوا ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ قومی خزانہ اور عوام کی جیبوں پر لوٹ مار کا پنڈورا باکس آٹا چینی بحران کی رپورٹ سے کھل گیاہے ۔ عمران خان حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے اس کے سدھار کی بجائے زوال تیزی سے آرہاہے ۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن کو عوام نے پچاس فیصد تو خود ہی توڑ دیاہے۔ حکومت بھی مرحلہ وا ر لاک ڈاؤن کے خاتمہ پر مجبور ہورہی ہے ۔ غربت بھوک افلاس کا دھماکہ ملک برداشت نہیں کرسکتا ۔ سرگرمیوں کے آغاز کے لیے ترجیح مساجد کو کھولنے اور نماز جمعہ کی اجازت ہونی چاہیے ۔ عالمی ظالمانہ نظام کے مقابلہ کے لیے پاکستان کو حقیقی معنوں میں ریاست مدینہ کا نظام دینے کا وقت آگیاہے ۔