مسیحی برادری کا گڈ فرائیڈے اور ایسٹر سادگی سے منانے کا فیصلہ

April 09, 2020

الاہور(اپنے نامہ نگار سے، کرائم رپورٹر)مسیحی برادری نے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے تہوار سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے. اس موقع پر گرجا گھر بند رہیں گے، عبادات آن لائن کی جائیں گی. صوبائی وزیر اقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین کی زیر صدارت کیتھڈرل چرچ میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایم پی اے ہارون عمران گل،آرچ بشپ سبسٹین شاہ،بشپ عرفان جمیل،ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل،پاسٹر شوکت انور فضل، پاسٹر لیاقت قیصراور دیگر گرجا گھروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب حکومت سے مکمل اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متفقہ فیصلہ کیاگیا کہ جب تک ملک میں ہنگامی صورتحال برقرار ہے صوبہ بھر کے تمام گرجا گھروں کو مذہبی عبادات کے لئے بند رکھا جائیگا، مسیحی برادری کا اجلاس سی سی پی او ذوالفقار حمید کی زیر صدارت بھی ہوا. اجلاس میں لاہور کی مسیحی برادری نے گڈ فرائیڈے اور ایسٹر کے موقع پر اجتماعات نہ کرنے کا اعلان کیا. ۔ مسیحی رہنماؤں نے کہا کہ دعائیہ تقریبات کی ریکارڈنگ انٹرنیٹ پر جاری کی جائے گی۔ تاکہ مسیحی کمیونٹی اپنے گھروں میں بیٹھ کر مذہبی فریضہ انجام دے سکیں۔ سی سی پی او نے مشکل وقت میں قومی یکجہتی کی سوچ اپنانے پر مسیحی کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسٹر کے موقع پر مذہبی رسومات کی براہ راست کوریج کے لئے پی ٹی وی نشریات کے لئے حکومت سے بات کی جائے گی۔ اس وقت اتحاد، یکجہتی، بچاؤاور امید کا پیغام دینا ضروری ہے۔ چرچ سے کورونا سے بچاؤ کا واضح پیغام جانا چاہیئے۔ مسیحی بہن بھائی گھروں میں بھی بڑی تقریبات اور لاؤڈ سپیکر کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے ایس ایس پی آپریشنز کو ہدایت کی کہ پولیس کے ذریعے مسیحی بستیوں میں اعلانات کرائے جائیں کہ وہ ایسٹر پر چرچ جانے سے گریز کریں۔ اجلاس میں بشپ عرفان جمیل نے کورونا کی آفت کے جلد خاتمے کے لئے دعا بھی کرائی۔