ایگل اسکواڈکے اہلکار افسران کے بغیر گشت نہیں کرینگے‘ڈی آئی جی کوئٹہ

April 09, 2020

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ ایگل اسکواڈ افسران کے بغیر گشت نہیں کریں گے‘صحافی اور میڈیا ورکرزاداروں کے کارڈز اپنے ساتھ رکھیں۔ لاک ڈائون کے دوران بلاوجہ باہر نکلنے والوں کے ساتھ سختی کی جائے گی۔ حکومتی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنگ سے بات چیت کر تے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے دنیا بھر کو متاثر کر رکھا ہے اس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات اور پالیسی کی خلاف ورزی کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ۔کورونا سے بچائو کیلئے بہتر یہی ہے کہ عوام گھروں میں رہ کر اپنے خاندانوں کے ساتھ شہر اور صوبے کو محفوظ رکھ سکتے ہیں اس مشکل گھڑی میں ہم سب کو اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنانی ہونگی ۔انہوں نے بتایا کہ شکایات موصول ہوئی تھیں کہ لاک ڈائون میںصحافیوں اور میڈیا ورکرز کو روکا جا رہا ہے جس پر فوری طور پر احکامات جاری کر تے ہوئے ہدایات دی ہیں کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز اپنے اداروں کے کارڈز ساتھ رکھیں جبکہ دیگر اسٹیک ہولڈرز جنہیں لاک ڈائون کے دوران اجازت ہے وہ بھی ضروری دستاویزات ساتھ رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ ایگل اسکواڈ اب افسران کے بغیر گشت نہیں کریں گے جب بھی گشت کریں گے ایس پی‘ ڈی ایس پی ‘ ایس ایچ او یا اے ایس آئی ساتھ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کے دوران بلاوجہ باہر نکلنے والوں کے ساتھ سختی کی جائے گی حکومتی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔