حکومت نے پہلے دن سےکرونا وائرس پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا،بی این پی

April 09, 2020

کوئٹہ(آئی این پی)بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے ایک بیان میں ینگ ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکس کی جانب سے اپنے جائز اور ضروری مطالبات کے حق میں پرامن ریلی پر پولیس کا لاٹھی چارج تشدد اورگرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کرونا وائرس کے پھیلاو کے خلاف عوام کی جانوں کو بچانے والے فرنٹ لائن پر فرائض انجام دینے والے ڈاکٹرز، پیرامیڈکس اور دیگر سٹاف کو وہ بنیادی ضروریات جن میں کٹس فراہم نہ کر کے قیمتی انسانوں کی جانوں سے جو کھیل کھیلا جارہا ہے وہ تشویشناک اور قابل گرفت ہے، ڈاکٹرز ،پیرامیدیکس اور دیگر عملے کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے جب حکومت اپنے ذمہ داریوں سے غافل اور غیر سنجیدہ ہو تو ایسے حالات میں لوگوں کے پاس پرامن احتجاج کے علاوہ اور کوہی راستہ نہیں ، تشدد خوف و ہراس کے ذریعے ان کے مطالبات اور آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ، حکومت نے شروع دن سے کرونا وائرس پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جس کا خمیازہ پورے ملک کے عوام بھگت رہت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بند کمروں اور محل میں بیٹھ کر میٹنگ کرنے سے واٹس ایپ اور بیانات کے ذریعے عوام کو اس عالمی وبا سے محفوظ نہیں بنایا جاسکتا اور نہ ان کے بنیادی مسائل حل ہونگے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس پر لاٹھی چارج تشددگرفتاریوں اور ہتک آمیز رویہ اختیار کرنے والے اہلکاروں کے خلاف انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے اور اس میں ملوث اصل کرداروں کو منظر عام پر لایا جائے۔