راشن کی عدم فراہمی‘دیہاڑی دار مزدور کا اہلخانہ کے ہمراہ احتجاج

April 09, 2020

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)لاک ڈائون بدستور جاری‘ راشن کی عدم فراہمی پر احتجاج کرنے والے مزدوروں کو پولیس نے بہانے سے تھانے منتقل کر نے کےایک گھنٹے بعد چھوڑ دیا ۔ بلوچستان میں لاک ڈائون کے باعث روزمرہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں اور غریب افراد نان شبینہ کے محتاج ہو گئے ۔حکومت کی جانب سے روزمرہ اجرت پر کام کرنے والے افراد کوراشن نہ مل سکا۔صوبائی حکومت اب تک لسٹوں کی تیاری اور ڈیٹا اکٹھا کرنے میں مصروف ہے جبکہ مزدوروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔وزیراعلیٰ ہاؤس کے قریب ایدھی چوک پردیہاڑی دار مزدورنے اہلخانہ کے ہمراہ احتجاج کیا،پلے کارڈزپرراشن دوانصاف دوکے نعرے درج تھے،احتجاج میں ایک خاتون اورننھے بچے بھی شریک تھے جنہیں پولیس نے راشن دینے کےبہانے سول لائن تھانے منتقل کیا جہاں ایک گھنٹے بٹھانے کے بعد چھوڑ دیا گیا۔