ڈاکٹروں کو حسن کارکردگی ایوارڈ کیساتھ مراعات بھی دی جائیں، اے این پی

April 09, 2020

کوئٹہ(اے این این) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر نے کہا ہےکہ حکومت کی جانب سے ینگ ڈاکٹرزکے احتجاج پر شیلنگ،لاٹھی چارج او رگرفتاریوں قابل مذمت ہیں ڈاکٹرزاپنے پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کو احسن اندازمیں ادا کرنے اور کورو نا وائرس سے بچنے کیلئے حفاظتی سامان مانگ رہے تھے، اقدام پر چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ہیلتھ کو صوبہ بدر کیا جائے‘ میڈیا سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ینگ ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کو ماننا چاہئے ڈاکٹروں کو تشددکا نشانہ بنانا اور گرفتارکرنا آمرانہ سوچ اورظلم وجبر ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی اس کی بھر پورمذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ گرفتار ڈاکٹرزکو فی الفور رہا اور ان کے جائز مطالبات تسلیم کئے جائیں اور احسن اندازمیں ذمہ داریاں ادا کرنے والوں کو حسن کارکردگی ایوارڈ کیساتھ مراعات بھی دی جائیں۔ بیان میں کیا گہا کہ موجودہ پریشان کن صورتحال میں فرنٹ لائن پر جرات مندی سے بہترین خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرزوصحافیوں کی خدمات ہمیشہ یادرکھی جائیں گی،حکومت ان کی حوصلہ افزائی کے بجائے انہیں گرفتار کررہی ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ لاوارث نہیں کہ کوئی بھی یہاں نظام کو جام کر کے اپنی من مانی کرے۔