عوام حکومتی پیکیج کی باتیں سن کر تھک چکے ہیں،جمعیت نظریاتی

April 09, 2020

کوئٹہ(آن لائن) جمعیت نظریاتی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستارشاہ چشتی، مرکزی سیکرٹری مالیات مولانا عبدالستار آزاد، مولانا عبدالروف، مولانا محمد حیات ودیگرنے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کومعلوم ہونا چاہیے کہ کرونا وائرس بلوچستان میں دوسر ے ممالک سے لایا گیالیکن بلوچستان کے عوام کیلئے اودیات نہ کوئی امداد ہے۔بلوچستان کے عوام حکومتی پیکیج اور ریلیف کی خوشخبریاں سن کر تھک چکے ہیں، بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہونے کے باوجود حکومت کی طرف سے طبی آلات اور نہ راشن تقسیم کیا گیا، غریب طبقہ حکومتی امداد کے انتظار میں ہے، مگرحکومت کی جانب سے تاحال کوئی امدادی پیکیج جاری نہیں کیا گیا ، دیہاڑی دار مزدوروں اور غریبوں کے کیلئے جلد امدادی پیکیج جاری کیا جائے، انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے ساتھ وفاقی حکومت کے ناروا سلوک اور زیادتیاں سے مایوسی بڑھ رہی ہے اس مشکل وقت میں آنے والی امداد پر بھی بلوچستان سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ڈاکٹروں کواب تک کٹس اور حفاظتی سامان فراہم نہیں کیا گیا ، حکومت نے سخت اور مشکل وقت میں عوام کے استحصالی میں کوئی کسرنہیں چھوڑی، انہوں نے کہا کہ ریاست کو سوچنا اور سنجیدگی کامظاہرہ کرنا ہوگاکہ مزید خوف وہراس اورلاک ڈاون ملک کے مفاد میں نہیں ہوگا، ملک کی تقدیر بدلنے اور بحرانوں سے نجات کے لیے حکمرانوں کوسچ کہنا ہوگا، حکومت میں موجود کالی بھیڑوں نے غربت بیروزگاری ختم کرنے کے بجائے غریب عوام کے استحصال کا بیڑہ اٹھارکھا ہے یہی وجہ ہے کہ آئے دن قوم مہنگائی و بحرانوں کا سامنا کررہی ہے ، انہوں نے وزیراعظم اور وفاقی حکومت سے بلوچستان کیلئے خصوصی ریلیف کے علاوہ دینی مدارس مساجدو کاروباری مراکزکے بجلی گیس بل معاف کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔