او پی ڈی سروسز بحالی سے کورونا وائرس پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہوگا، پی ڈی اے

April 09, 2020

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے او پی ڈیز اور اختیاری سروسز بحالی سے کورونا وائرس کے زیادہ پھیلنے کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر ڈاکٹروں اور ہسپتالوں میں کام کرنیوالے ملازمین کوحفاظتی کٹس ، ٹیچنگ ہسپتالوں کو پی سی آر مشینیں اور لیبارٹری کٹس کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ایسوسی ایشن کے سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر سلیم خان کا کہنا ہے ابھی تک ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے بچنے کے لئے حفاظتی انتظامات نہیں کئے گئے ہیں جس سے وائرس پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہے، پی ڈ ی اے نے اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ کو خط لکھ دیا ہے اور انہیں ڈاکٹروں کو درپیش خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے فوری طور جامع حفاظتی آلات کی فراہمی کیلئے احکامات جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہسپتالوںمیں کورونا مریضوں کے علاج کیلئے علیحد ٹرائج نظام، کائونٹر، لیب، سٹاف، بلڈنگ، وارڈ، آئی سی یو، آئیسولیشن وارڈکا انتظام کرتے ہوئے ہر ضلع میں ایک ایک ہسپتال مختص کیا جائے جہاں 24 گھنٹے علاج کی سہولت میسر ہو تاکہ مرض دوسروں کو منتقل نہ ہواور دیگر ہسپتالوں میں عام مریضوں کے علاج میں کوئی خلل یا دشواری نہ ہو۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ ایک ہزار ڈاکٹروں کی سپیشلائزیشن کے لئے انڈکشن کا مسئلہ حل کرےتاکہ وہ کورونا کی وباء کی اس مشکل گھڑی میں عوام کی خدمت کرسکے علاوہ ازیں 1500 ڈاکٹروں کی ہائوس جاب فوری شروع کی جائے تاکہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی نہ ہو۔