امریکی صدارتی امیدوار برنی سینڈرز دستبردار

April 09, 2020


امریکا کے صدارتی امیدوار بننے کے ڈیموکریٹ خواہش مند برنی سینڈرز نے بالآخر دستبردار ہونے کا اعلان کردیا ہے، جس سے امریکا کے سابق نائب صدر جوبائیڈن کے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ کورونا وبا کے باوجود صدارتی الیکشن نومبر میں وقت پر ہی ہوں گے۔ دوبارہ صدارت کے خواہش مند ڈونلڈ ٹرمپ کا مقابلہ اب جوبائیڈن سے ہوگا۔

78 برس کے برنی سینڈرز نے اپنے حامیوں کے سامنے تسلیم کیا کہ انہیں ایسی صورتحال نظر نہیں آرہی کہ وہ صدارتی امیدوار کی حیثیت سے پارٹی کی نامزدگی حاصل کرنے کے لیے درکار ڈیلی گیٹس کے ووٹ حاصل کر پائیں گے۔

خبر ایجنسی کے مطابق مختلف ریاستوں میں پرائمری انتخابات کی ابتدا میں برنی سینڈرز کی پوزیشن مضبوط ہوکر ابھری تھی مگر جوبائیڈن چھپے رستم ثابت ہوئے تھے اور دیگر حریفوں کو مختلف ریاستوں میں ہرا کر سرفہرست امیدوار بن کر ابھرے تھے۔

برنی سینڈرز نے ہیلتھ کئیر سب کے لیے، مفت کالج فیس، امیروں پر ٹیکس اور کم سے کم اجرت میں اضافے کی پالیسی کو اپنی مہم کی بنیاد بنایا تھا۔ تاہم انہیں انتہائی بائیں بازو کا امیدوار قرار دیا جاتا رہا ہے جبکہ جوبائیڈن اسٹیبلشمنٹ کے امیدوار تصور کیے جاتے ہیں۔