جہاز کی بنیاد پر حکومت بنتی تو شاہد خاقان کی تو پوری ایئر لائن ہے، فیاض چوہان

April 09, 2020

وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثنا اللہ کی تنقید پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر جہاز کی بنیاد پر حکومت بنتی تو شاہد خاقان عباسی کے پاس تو پوری ایئر لائن ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ نون لیگی رہنما بغلیں بجانے کے بجائے احتساب کے لیے تیار ہو جائیں، ان کے دور میں 30ہزار ارب کا قرضہ قوم پر مسلط کیا گیا اور اب اس قرضے پر بنائے گئے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ جلد سامنے آرہی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ قرضے پر بنائے گئے تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد نون لیگی رہنما منہ چھپاتے پھریں گے۔

فیاض الحسن چوہان نے بتایا کہ آٹا چینی بحران پر فرانزک رپورٹ 25 اپریل کو عوام کے سامنے لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثناء اللہ نے اپنے ایک بیان میں جہانگیر ترین کا نام لیے بغیر یہ دعوی کیا تھا کہ جہاز والے کے جانے سے حکومت گر جائے گی۔