کورونا سے جنگ، والد کو اپنی دو ڈاکٹر بیٹیوں پر فخر

April 09, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے کورونا کی جنگ سے لڑنے والی ڈاکٹر بیٹیوں کی تصویر اُن کے والد کے ہمراہ سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی، شعیب اختر کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں ایک والد اپنے اُن دو ڈاکٹر بیٹیوں کے ہمراہ ہے جو کورونا وائرس کی جنگ میں اپنی جان خطرے میں ڈال کر قوم کی حفاظت کر رہی ہیں۔

شعیب اختر نے ٹوئٹر پر اِس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ڈاکٹر فخر الاسلام ہیں جن کا تعلق پشاور سے ہے، یہ ایک قابل فخر اور بہادر والد ہیں۔‘

سابق فاسٹ بولر نے لکھا کہ ’یہ اِن کی دو ڈاکٹر بیٹیاں ہیں اور یہ روزانہ صبح اپنی دونوں بیٹیوں کو کورونا کی جنگ کے محاذ پر روانہ کرتے ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ڈاکٹر فخر الاسلام اللّہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اُن کی دونوں بیٹیوں کو انسانیت کی خدمت میں اہم کردار ادا کرنے کےلیے منتخب کیا گیا ہے۔‘