اسلام آباد ہائیکورٹ کا معمول کے مطابق امور چلانے کا فیصلہ

April 09, 2020

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کورونا وائرس کو روکنے کے لیے جاری لاک ڈاؤن کے باوجود معمول کے مطابق عدالتی امور چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس سے قبل عدالتِ عالیہ کا کورونا وائرس کے سبب صرف 2 سنگل اور ایک ڈویژن بینچ کام کر رہا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس ضمن میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق آئندہ ہفتے تمام ججز معمول کے مطابق فرائض سر انجام دیں گے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئندہ عدالتی ہفتے کے لیے 7 ججز کا ڈیوٹی روسڑ بھی جاری کر دیا۔

روسٹر کے مطابق آئندہ ہفتے پیر سے جمعے تک اسلام آباد ہائی کورٹ کے 7 سنگل بینچ جبکہ پیر سے جمعرات تک 3 ڈویژن بینچ دستیاب ہوں گے ۔

عدالتِ عالیہ کے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جمعرات یا کسی بھی اور دن چیف جسٹس کے حکم پر اسپیشل ڈویژن بینچ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا سے دنیا میں ساڑھے 88 ہزار ہلاکتیں

عدالت کی جانب سے نوٹیفکیشن کی کاپی اسلام آباد ہائی کورٹ بار سمیت دیگر متعلقہ حکام کو بھجوا دی گئی ہے۔